جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کا برطانوی انتخابات میں انجیلا رائنر اور ناز شاہ کی بھرپور حمایت کا اعلان

بریڈ فورڈ(صباح نیوز)جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے برطانیہ کے آمدہ انتخابات میں لیبر پارٹی کی شیڈو نائب وزیر اعظم انجیلا رائنر اور ناز شاہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارہ پاکستان، بانی سرپرست سردار عبدالرحمان خان، تحریک کی برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر نائلہ شریف اور تحریک کے یوتھ کے چیئرمین زیشان عارف کا دونوں پارلیمانی امیدواروں کے حلقوں میں جا کر جہاں انہیں اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا وہیں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ ان دونوں پارلیمانی امیدواروں کو مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کی بھرپور حمایت کرنے کی وجہ سے سپورٹ کریں تا کہ یہ دونوں عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے منتخب ہو کر برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے، مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بند کروانے کے لئے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی معاونت جاری رکھ سکیں۔

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے اولڈھم میں منعقد ہونے والے اپنے پہلے اجلاس میں جہاں ڈیبی ابراھمز، اینڈریو گوئن اور ڈاکٹر افضل خان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا وہیں ہماری تحریک برطانیہ کے دیگر شہروں میں جا کر بھی مختلف سابق ممبران پارلیمنٹ اور کشمیر دوست پارلیمانی امیدواروں سے ملاقاتیں کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے تا کہ کشمیر دوست پارلیمانی امیدواروں کے حلقوں میں جا کر لوگوں کو یہ بتایا جائے کہ وہ ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کی اس تحریک میں معاونت کرنے والے کشمیر دوست پارلیمانی امیدواروں کو ضرور کامیاب کریں جنہوں نے تقریبا گذشتہ دس سالوں سے ہماری حمایت جاری رکھی ہوئی ہے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنی آواز برطانوی پارلیمنٹ میں بلند کرتے چلے آ رہے ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم پارٹی کی سیاست اور مقامی سیاست سے بالا تر ہو کر ایسے لوگوں کو منتخب کروائیں جو ہمارے مقامی، قومی و بین الا قوامی مسائل کے حوالہ سے ہماری معاونت کر سکیں اور ہماری نمائندگی کر سکیں۔ اس سلسلہ میں راجہ نجابت حسین نے اپنے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ آشٹن کے مقام پر اور بریڈ فورڈ ویسٹ میں بھی لندن کے میئر صادق خان کی موجودگی میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ناز شاہ کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقد کی گئی میٹنگ میں شرکت کی انہیں اپنی جانب سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے تمام ساتھی جو برطانیہ کے مختلف شہروں میں موجود ہیں ان پارلیمانی امیدواروں کو کامیاب کروانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے جو ہمارے مسائل کے حوالہ سے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے ماضی میں بھی ہماری معاونت کرتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے کے لئے بھارت پر موثر دباو ڈالیں گے۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ناز شاہ ایک بہادر اور دلیر کشمیری خاتون ہیں جنہیں ہم سب نے مل کر برطانوی پارلیمنٹ کا ممبر منتخب کروانا ہے اور کشمیریوں نے لیبر پارٹی سے بہت سی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ لیبر پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی تو لیبر پارٹی کے تمام کشمیر دوست ممبران پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کو جلد از جلد حل کروانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ برطانیہ کے عام انتخابات میں انجیلا رائنر بھاری اکثریت سے اور ہم سب کی کوششوں اور کاوشوں سے ممبر برطانوی پارلیمنٹ منتخب ہوں گی اور برطانیہ کی ڈپٹی وزیر اعظم منتخب ہو جائیں گی۔ لیبر پارٹی کی لیڈر شپ لیبر پارٹی کے سربراہ کیئرسٹارمر کو اس بات پر مجبور کریں گے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حوالہ سے بھارتی حکومت پر بھارتی حکمرانوں پر اور جو کچھ اس وقت مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم و زیادتی کا بازار گرم ہے، وہاں کے نوجوانوں کو جبری گرفتار کیا جا رہا ہے، سیاسی راہنماں کو قید رکھا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہر طرح کی پابندیاں لگائی جا چکی ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں بیرون ممالک سے کسی بھی سیاست دانوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر مکمل طور پر پابندیاں عائد ہیں ان تمام پابندیوں کا خاتمہ کروانے کے لئے بھی اپنا بھرپور کردار اد اکریں گے۔ اس سلسلہ میں تحریکی عہدیدار برطانیہ بھر میں اپنے اپنے شہروں میں اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور راجہ نجابت حسین نے اس موقع پر کشمیریوں اور پاکستانیوں سے اور خصوصی طور پر انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تمام پارلیمانی امیدواروں کے ایک مرتبہ پھر برطانوی عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں جنہوں نے اس سے قبل فلسطین کے حوالہ سے کشمیر کے حوالہ سے اور مقامی مسائل کے حل کے حوالہ سے اپنا کردار ادا کر تے رہے ہیں۔