سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورجموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے جموں و کشمیر کے حوالے سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔
شبیر احمد شاہ نے بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کہا کہ مودی کا بطور وزیراعظم تیسرا دور اقتدارانہیں دیرینہ تنازعات کو حل کرنے اور جنوبی ایشیا میں کشیدگی کو کم کرنے کا موقع فراہم کرتاہے۔انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ مودی حکومت اپنی کشمیر پالیسی پر نظرثانی کرے اور تنازعہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے جو خطے میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔
شبیر شاہ نے کہا کہ اپنے پڑوسیوں کے لئے مسائل پیداکرنے کے بجائے بھارت کو ہٹ دھرمی پر مبنی اپنی پالیسی کو ترک کرنا چاہیے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو یقینی بنانا چاہیے۔حالیہ دورہ کشمیر کے دوران مودی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی وزیر اعظم کا رویہ غیر حقیقت پسندانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس حقیقت کا ادراک کرنا چاہیے کہ وہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کو زیر نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن اور ترقی کے مودی کے دعوے اپنے ظلم و بربریت اور ریاستی وسائل کی لوٹ مارکو چھپانے کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے بھارتی وزیراعظم کی تقریر کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر جموں و کشمیر کے عوام نے اس طرح کی باتوں کو سنجیدگی سے لیا ہوتا تو شاید لاکھوں نوجوان اور بزرگ کشمیری شہادت کو گلے نہ لگاتے۔شبیر شاہ نے بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کو آگے بڑھنے کا واحد راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی کشتیاں جلا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کوکبھی تسلیم نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے جائز حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کی انہیں عالمی برادری نے ضمانت دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیری عوام کو پیش کی جانے والی کوئی بھی رعایت یا معاشی پیکیج تنازعہ کشمیر کا حل پیش نہیں کرتا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے ماضی میں بھارتی حکومت کی خالی خولی یقین دہانیوں اور کھوکھلے نعروں کو مسترد کر دیا ہے اور آئندہ بھی ان کو مسترد کر یں گے۔انہوں نے کہا کہ بندوق کے سائے میں ہونے والے انتخابات کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔بھارت اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات کو خطے میں ترقی اور امن کی کلید قرار دیتے ہوئے شبیر شاہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گا۔