کشمیری حریت پسند،جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے رہنمامولانا غلام نبی نوشہری کا انتقال


اسلام آباد(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سابق رکن، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے رہنما اور سرکردہ کشمیری حریت پسند مولانا غلام نبی نوشہری کا انتقال ہو گیا ہے ۔نماز جنازہ آج  نماز مغرب کے بعد مرکز جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر برما پل اسلام آباد میں ہو گی۔ نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان پڑھائیں گے ۔

مولانا غلام نبی نوشہری قائد تحریک آزادی کشمیر مرحوم سید علی گیلانی مرحوم کے ساتھ مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں جماعت اسلامی کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ نوے کی دہائی میں لائن آف کنٹرول عبور کر کے آزاد کشمیر ہجرت کی تھی ۔ وہ گزشتہ 30 سال سے پاکستان میں تحریک آزادی کشمیر کے سلسلے میں سرگرم تھے۔مولانا غلام نبی نوشہری کئی سال سے بیمار تھے ، ہفتے میں دوروز ڈائیلاسز کے عمل سے گزرتے تھے ۔ حال ہی میں ان کی نئی کتاب نقش ناتمام شائع ہو ئی تھی ۔ مولانا غلام نبی نوشہری نے نقش ناتمام میں جموں وکشمیر میں جاری تحریک آزادی کشمیر کے ماہ وسال کا تجزیہ کیا ہے ۔

اس سے قبل مولانا غلام نبی نوشہری کی کتاب قصہ نصف صدی کا شائع ہوئی تھی ۔ نقش ناتمام میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے بھارتی قانون آرٹیکل 35 اے اور 370 کے خاتمے کے بعد بھارتی عزائم کو بے نقاب کیا گیا ہے۔5 اگست 2019 کو نریندر مودی کی حکومت نے وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں 80 لاکھ سے زائد آبادی کا حامل خطہ جموں وکشمیر لداخ کو متنازع طور پر تقسیم کرکے رکھ دیا تھا ، 80 لاکھ کو محصور کر دیا گیا تھا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان، نائب امیر لیا قت بلوچ، راشد نسیم ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹرمشتاق، سابق امیرعبدالرشید ترابی، اعجاز افضل، ڈاکٹر خالد، حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے کنوینئر غلام محمد صفی اور دوسرے رہنماؤں نے مولانا غلام نبی نوشہری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے کشمیر کاز کے لیے ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے