لاہور(صباح نیوز)مرکزی مسلم لیگ شعبہ خدمت خلق کے چیئرمین چوہدری محمد سرور نے عید قربان مہم مکمل ہونے اور اس میں شہریوں کی طرف سے بھرپور جوش و جذبہ سے شرکت کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے عوام اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ کی طرف سے عیدالاضحی کے ایام میں لاہور، اسلام آباد، کراچی، ملتان، کوئٹہ، پشاور اور مظفر آباد سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں و علاقوں میں اجتماعی دسترخوان سجائے گئے جن میں بچوں اور عورتوں سمیت شریک ہونے والے ہزاروں خاندانوں کی بہترین کھانوں سے تواضع کی گئی۔
ہر شہر میں عام لوگوں کی فیملیز سمیت اجتماعی دسترخوانوں میں شرکت مرکزی مسلم لیگ سے محبت اور اس پر اعتماد کا اظہار ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عید قربان مہم کی زبردست کامیابی پر ہم اللہ تعالی کے بے حد شکر گزار ہیں جس کی خاص توفیق اور مدد سے لاکھوں افراد تک قربانی کا گوشت پہنچایا گیا۔ انہوں نے کارکنان کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عید قربان مہم مکمل ہونے پر شکرانے کے نوافل ادا کریں اور ملک بھر میں رفاہی و فلاحی سرگرمیوں کو پہلے کی طرح بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے۔ انہوں نے موسم کی شدت کی پرواہ کیے بغیر مستحق افراد تک قربانی کا گوشت بطور تحفہ پہنچانے اور دسترخوانوں کا اہتمام کرنے پر کارکنان و ذمہ داران کا شکریہ بھی ادا کیا۔