لاہور(صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے گھبرا کر حکومت نے پی پی اور عوامی نمائندوں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا شروع کردیا، پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کی جانب سے عمران خان حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ لاہور میں پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود کے گھر پہنچے، جہاں لانگ مارچ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی،اس موقع پر مرتضی محمود، علی محمود، عطا گیلانی ودیگر بھی موجود تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ ملکی سیاسی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جس میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت سے عمران خان کی مقبولیت کا پول کھول کر سامنے آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت لانگ مارچ سے گھبرا کر پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کے عوامی نمائندوں کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈوں پر اتر آئی ہے مگر ہم اس سے گھبرانے والے نہیں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔بلاول نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کی جانب سے عمران خان حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ ہوگی، 27فروری کو مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے عوام کے لشکر اپنے شہروں سے نکل کر اسلام آباد کا رخ کریں گے۔