سندھ سولڈ بورڈ کو ٹاؤن کی سطح پر تقسیم کیا جائے ، ڈاکٹر فواد


کراچی (صباح نیوز)چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کو اضلاع کے بجائے ٹاؤن کی سطح پر تقسیم کیا جائے تاکہ کام میں بہتری آئے وہ نیپا چورنگی فلائی اوور کے نیچے پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ ضلع شرقی ڈاکٹر فیاض احمد یوسی چیئرمین فیاض الہدی وائس چیئرمین آصف عبدالکریم جماعت اسلامی کے ناظم علاقہ کامران چشتی دیگر منتخب نمائندے ٹی ایم سی اور سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ کے حکام بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو چارج ملے ہوئے ایک سال ہوگیا ہے لیکن سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ کی تقسیم ٹاون کی سطح پر نہیں کی جاسکی ۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر الائیشوں کو اٹھانے کا کام  ایک چیلنج تھا، سارے عملے نے گرمی اور عید کی چھٹیوں کے باوجود دن رات کام کیا۔ کراچی کے  25 ٹاؤنز کے مقابلے میں سب سے مثالی صفائی گلشن اقبال ٹاؤن میں ہوئی گلشن اقبال ٹاون میں مجموعی طور پر 6 ہزار ٹن کچرا اٹھایا گیا ہے،  ہمارے ڈمپرز اور ٹریکٹر ٹرالیوں نے 250 چکر  جام چاکرو لینڈ فل سائٹ پر کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے لگائے۔ پہلی بار گھروں کے اندر سے بھی الائیشیں اٹھائی گئی ہیں ڈاکٹر فواد نے انکشاف کیا کہ اوجھڑی اٹھانے والی ایک مافیا عید پر سرگرم ہو جاتی ہے جو اوجھڑی پھاڑ کر سڑکوں پرگند پھیلاتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈمپنگ پوائنٹس پر  پولیس رینجرز تعینات کی جائے، تاکہ اس مافیا کو گند پھیلانے سے روکا جاسکے ۔گلشن ٹاون میں ہمارا عملہ سندھ سالڈ ویسٹ کے ساتھ مل کر کام کررہا تھا گلشن اقبال ٹاون کو مثالی بنانے میں ہماری ٹیم کا اہم کردار ہے ۔