سری نگر— کل جماعتی حریت کانفرنس نے اسلام آباد میں فورم کی آزاد جموں وکشمیرشاخ کے نئے عہدیداروں کے حالیہ انتخابات کا خیرمقدم کیا اور انہیں مبارکباد دی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غلام محمد صفی کو کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کا کنوینر، ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ کو جنرل سیکرٹری اور مشتاق احمد بٹ کو انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب عہدیداران کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کو مزید متحرک بنانے کی پوری کوشش کریں گے تاکہ کشمیر کاز، بھارتی مظالم اورمحصور کشمیریوں کی آواز کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جا سکے۔