پشاور،الخدمت فاؤنڈیشن نے 20لاکھ روپے کی لاگت سے  واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا


پشاور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن نے 20لاکھ روپے کی لاگت سے جی ٹی روڈ پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا۔

چمکنی اور سردارگڑھی بی آر ٹی اسٹیشنوں کے سنگم پر واقع الخدمت واٹرفلٹریشن پلانٹ کا افتتاح صوبائی امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کیا،ڈبلیو ایچ اومعیار کے مطابق بنائے گئے آراو فلٹریشن پلانٹ سے شہریوں کو فی گھنٹہ ایک ہزار لیٹر صاف پانی میسرہوگا۔الخدمت فاؤنڈیشن نے جی ٹی روڈ پرعوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے صوبے کے دسویں آر او واٹرفلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا جو کہ چمکنی اور سردار گڑھی بی آرٹی اسٹیشنوں کے سنگم پرواقع ہے جس سے علاقے میں واقع تعلیمی اداروں،مارکیٹوں،ورکشاپس اور علاقہ مکینوں کو آلودہ پانی سے نجات ملے گی اور عوام کو ڈبلیو ایچ او معیارکے مطابق پینے کا صاف پانی میسرہوگا۔

الخدمت آراو واٹرفلٹریشن پلانٹ سردارگڑھی کاافتتاح امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخواپروفیسرمحمد ابراہیم خان نے الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالدوقاص کے ہمراہ کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع،ضلعی جنرل سیکرٹری ہدایت اللہ خان، الخدمت فاؤنڈیشن ضلع پشاور کے صدر ارباب عبدالحسیب اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی ریجنل منیجر ڈاکٹر شکیل احمد بھی موجود تھے۔افتتاح کے موقع پر جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں 80فیصد سے زائد آبادی کو پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کا سامناہے جس کی وجہ سے پاکستان میں ہرپانچواں شخص آلودہ پانی کے استعمال سے بیماری کا شکار ہوجاتاہے۔سیلاب اوردیگرقدرتی سانحات سے متاثرہ افرادکاسب سے بڑامسئلہ بھی پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کاھوتاہے۔پاکستان میں آلودہ اور مضرصحت پانی کے استعمال سے ہرسال لاکھوں بچے پیٹ کی بیماریوں میں مبتلاہوکرموت کا شکار ہوجاتے ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں دیگرخدمات کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے بھی کوشاں ہے۔اس وقت صوبہ بھر میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت 10آراوپلانٹس فعال جبکہ مزید دوکاافتتاح جلدہوگا۔الخدمت فاؤنڈیشن نے صرف خیبرپختونخواکی حد تک گزشتہ ایک سال کے دوران 137.1ملین روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کے چھوٹے بڑے853منصوبے مکمل کیے ہیں جن سے روزانہ کی بنیادپرایک لاکھ 11ہزار سے زائد افراد استفاد ہ کر رہے ہیں۔