وفاقی بجٹ عوام کا قاتل اور آئی ایم ایف کا ہے،مزمل اسلم


پشاور(صباح نیوز)مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوام کا قاتل اور آئی ایم ایف کا ہے۔ایک بیان میں مزمل اسلم نے کہا کہ پینشن اصلاحات میں خیبر پختونخوا حکومت کی پیروی کی گئی ، ٹیکس ریٹ 35سے 45فیصد کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ریئل اسٹیٹ پر ٹیکس پہلی بار 15فیصد اور نان فائلر کا 45 فیصد کر دیا گیا، آئی ایم ایف کے کہنے پر 38فیصد ٹیکس بڑھایا گیا ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ نان ٹیکس ریونیو 3587ارب کر دیا جو مہنگائی کی بڑی وجہ ہے، صوبوں کو ادائیگی کے بعد وفاق کی آمدنی 9111ارب روپے ہوگی۔

مشیر خزانہ خیبر پختونخوا نے کہا کہ اس سال سود ادائیگی صرف 9700ارب روپے ہے، بجٹ میں بی آئی ایس پی پروگرام کے لئے 593ارب روپے رکھے گئے، بی آئی ایس پی سے 9.3ملین کے بجائے 10ملین افراد مستفید ہوں گے جو بڑی بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت میں صرف 5ارب روپے کی مارک اپ شیئرنگ دی ہے باقی کچھ نہیں، پٹرولیم لیوی 80روپے تک بڑھانے سے عوام پر مزید بوجھ آئے گا، تنخواہوں میں 25اور 22 فیصد اضافہ ریلیف ضرور لیکن صوبوں کے سرپلس پر ضرور اثر پڑے گا۔