نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی اردن میں برطانیہ کے وزیر مملکت برائے دولت مشترکہ لارڈ طارق احمد سے ملاقات


عمان(صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو اردن کے دارالحکومت عمان میں برطانیہ کے وزیر مملکت برائے مشرق وسطی، شمالی افریقہ، جنوبی ایشیا، اقوام متحدہ اور دولت مشترکہ لارڈ طارق احمد سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اس شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کا ذکر کرتے ہوئے بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے اور مذاہب کی اہانت کا مقابلہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اینہانسڈ سٹریٹجک پارٹنرشپ (ای ایس پی) کی شکل میں دو طرفہ تعلقات کو باضابطہ بنانے، توسیع دینے اور اپ گریڈ کرنے پر بھی زور دیا۔فریقین نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان معاہدے کے تحت مائیگریشن ٹریک پر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے افغانستان، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی میں استحکام سمیت باہمی دلچسپی کی علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا