کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں پانی کے شدید بحران ، عوام کی مشکلات و پریشانیوں اور پانی سے محروم شہریوں کی جانب سے لانڈھی، لیاری سمیت مختلف علاقوں میں احتجاج پر گہری تشویش اور احتجاج کرنے والوں پر پولیس کی شیلنگ و لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں کراچی کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں ، کراچی میں پانی کے شدید بحران کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ اور قبضہ میئر ہیں ، 2005میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور کا شروع کیا گیا کے فور منصوبہ اپنے وقت پر مکمل ہو جاتا تو شہر میں پانی کا یہ بدترین بحران نہ ہوتا ، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئرمین مرتضیٰ وہاب ہیں لیکن زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھنے کے لیے تیار نہیں ہیں ،سندھ حکومت اور قبضہ میئر کی ذمہ داری ہے کہ کراچی میں پانی کا بحران فوری حل کریں ۔
منعم ظفر خان نے حکومت کو متنبہ کیا اور کہا کہ پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شہر یوں کے بڑھتے ہوئے احتجاج سے شہر میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہو سکتی ہے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہو گی ۔منعم ظفر نے کہاکہ کراچی کے علاقے نیو کراچی ،نارتھ کراچی سیکٹر7-D، نارتھ ناظم آباد، بلدیہ ٹاؤن ،کیماڑی ،لانڈھی ،کورنگی ،اورنگی ٹاؤن اور لیاری سمیت کئی علاقوں میں پینے کا پانی میسر نہیں ہے ،کراچی کے حصے کا جو پانی ہے وہ اسے پورا نہیں دیا جاتا اور جو دیا جاتا ہے وہ بھی سرکاری سرپرستی میں ٹینکر مافیا اور پانی چوروں کی ملی بھگت کے باعث شہریوں کو نہیں مل پاتا۔واٹر بورڈ کی لائنوں اور گھروں کے نلکوں میں پانی نہیں آتا لیکن ٹینکر مافیا کو پانی مل جاتا ہے اور شہری ٹینکرز سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہاکہ قبضہ میئر اکثر کہتے رہتے ہیں کہ پانی کے مسئلے کے حل کے لیے سمندر کے پانی کو میٹھا کرنے کا پلانٹ لگایا جائے گا اورکے فور منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی 16سال سے مسلسل سندھ میں اقتدار میں ہے ،صوبے کا پورا بجٹ اس کے ہاتھوں میں ہے اور شہری اداروں پر بھی وہ قابض ہے وہ بتائے کہ پانی کا مسئلہ ابھی تک حل کیوں نہیں کیا گیا ،کئی بار کے فور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے باوجود یہ منصوبہ تا حال مکمل کیوں نہیں ہوا؟ وزیرا علیٰ سندھ بھی اکثر اعلانات کرتے ہیں کہ کراچی کے پانی کے کوٹے میں اضافے کی بات کی جائے گی مگر ابھی تک عملی طور پر سندھ حکومت کی سطح پر کچھ نہیں کیا گیا،وزیر اعظم بھی کراچی آتے اور چلے جاتے ہیں ان کو بھی کراچی کے عوام کے مسائل سے کوئی سرو کار نہیں ،صرف کراچی کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔