الخدمت رضاکاروں کی تربیت کا 2روزہ پروگرام مکمل،اسناد تقسیم

   کراچی(صباح نیوز)الخدمت کراچی کے تحت پری مون سون کے حوالے سے رضاکاروں کی دو روزہ ٹریننگ مکمل ہوگئی۔ رضاکاروں کو رسی کی مدد سے ریسکیو کرنے ،فلڈ مینجمنٹ ،کشتی چلانا ،ڈوبنے سے بچانے کی تیکنیک،پروفیشنل تیراکی سمیت سی پی آر ( CPR)اورمختلف امور پر تربیت دی گئی۔ ریکسیو 1122 لاہور ہیڈ آفس کے ماہر ٹرینر نے ٹریننگ دی ۔دریں اثنا ٹریننگ کی تکمیل پر گزشتہ روز الخدمت ہیڈآفس میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت زندگی کے آٹھ شعبوں میں کام کر رہی ہے۔ ڈیزاسڑمینجمنٹ کا شعبہ الخدمت کا اہم ترین شعبہ ہے۔ یہ ہمیشہ سے ہنگامی حالات میں لوگوں کی خدمت کرنے کے لیے پیش پیش رہا ہے۔ اس ٹریننگ کا مقصد بھی رضاکاروں کو پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کر نا ہے تا کہ الخدمت کے پاس ماہر اور تربیت یافتہ رضاکار موجود ہوں۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122ڈاکٹر عابد جلال الدین شیخ، نیشنلڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ الخدمت فاو نڈیشن پاکستان فضل محمود ،ڈائریکٹر الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ قاضی سید صدرالدین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پرایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی اور منیجر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سرفراز شیخ اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ ان شااللہ ہم اس کام کے دائرے کو مزید وسیع کریں گے ۔ انہوں کہا کہ ہم رضاکاروں کی مرحلہ وار تربیت کا اہتمام کر رہے ہیں ۔مرکز کے بعد اب ضلع کی سطح پر تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے ریسکیو 1122کے تعاون پر اظہار تشکرکیا۔ڈی جی ریسکیو 1122نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،جنہوں نے ٹریننگ پروگرام کااہتمام کیا،الخدمت رضاکاروں کو پیشہ ورانہ تربیت کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت بڑاکام کرہی ہے،فلسطین میں بھی یہ نمایاں کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم انسانی جانوں کو بچانے کے لیے الخدمت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر تیار ہیں۔ الخدمت سے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ نیشنل ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ الخدمت فاو نڈیشن پاکستان فضل محمود نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں الخدمت کے 65ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل قائم ہیں۔ یہ تمام سیل جدید آلات سے لیس ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے درکار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رضاکاروں کی تربیت کا مقصد یہی ہے کہ وہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبہ میں جدید آلات کے ساتھ پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ ہوں تاکہ ہنگامی حالات سے بخوبی نمٹ سکیں ۔ ڈائریکٹر ڈیز الخدمت اسٹر مینجمنٹ قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ الخدمت 2005 سے شعبے نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے ،اس نے 2005کے زلزلے،سیلابوں اور طوفانی بارشوں کے اندر نمایاں کام کیا ۔اس وقت الخدمت کے پاس ہزاروں رضاکار ہیں ،الخدمت کے رضاکاروں نے ترکیہ کے زلزلہ میں بھی بھرپور امدای کام کیے۔ کراچی میں الخدمت کے اس وقت تمام اضلاع میں 13ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل قائم ہیں جو ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے قائم کیے گئے ہیں۔ ان سیلز میں ریسکیواور ریلیف کے کاموں میں استعمال ہونے والے تما م جدید آلات موجود ہیں ،جبکہ رضاکار بھی ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ الخدمت اپنے رضاکاروں کو جدید تربیت و مہارت سے آراستہ کرکے اس کام کو مربوط ومنظم انداز میں کرنا چاہتی ہے ۔ رضاکاروں کی تربیت کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر رضاکاروں میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔