جماعت اسلامی سندھ نے موجودہ حکومت کے 100 دنوں کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دے دیا

کراچی( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے موجودہ حکومت کے 100 دنوں کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ مہنگائی بدامنی بیروزگاری اور دہشتگردی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ سندھ میں ڈاکو راج، درجنوں آپریشن کے باوجود خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں نوجوانوں کے لاشے اٹھا رہے ہیں۔گذشتہ روز بھی لکی مروت میں بم حملے میں کیپٹن سمیت 7فوجی جوان شہید ہوئے۔ملک معاشی و سیاسی طور بحران کا شکار ہے۔ فارم 47 کے ذریعے حکومت میں آنے اور لانے والے خود پریشان ہیں۔ وزیراعظم کی اوقات پٹرول قیمت کے تعین کے موقع پر واضح ہوگئی۔15 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کیا گیا مگر نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا، گندم اسکینڈل پر سابق نگران وزیراعظم حکومت کو تڑیاں دیتا ہے۔اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں مداخلت اور بناؤ و بگاڑ کا کھیل ختم،تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر ملکی سلامتی اورپاکستان کو معاشی و سیاسی بحران سے نکالنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں صوبائی دفتر میں ملاقات کرنے والے وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔ امیر صوبہ سے سولنگی قوم کے چیف سردار زبیر خادم سولنگی نے بھی وفد کی ہمراہ ملاقات کی اور انہیں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا ، آفاق احمد سولنگی ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی امیر نے کہاکہ پٹرول قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی کا جن ابھی بھی بوتل سے باہر ہے۔بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور یوٹیلیٹی بلز کو دیکھ کر عوام کو دن میں ہی تارے نظر آجاتے ہیں۔ یہی حال گوشت بیکری آئٹمز اور سزی و پھل فروٹ دیگر اشیاء کا ہے۔ مہنگائی اور ٹیکس پر ٹیکس کی وجہ سے عام آدمی کا زندہ رہنا بھی مشکل بنادیا گیا ہے۔ حکومت معاشی صورتحال کی بھتری اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے کرپشن فری اقدامات کرے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ یہ سب کچھ تب ہی ممکن ہے جب چور،مفادپرست اوراپنا سرمایہ بیرون ملک چھپانے والے نہیں بلکہ یہاں پر دیانتدار و مخلص قیادت برسراقتدار ہوگی۔