ریاسی جموں میں یاتریوں کی بس پر حملہ بھارتی ایجنسیوں کی کارروائی ہے. متحدہ جہاد کونسل

مظفر آباد(:)متحدہ جہاد کونسل جموں وکشمیر نے  ریاسی جموں میں یاتریوں کی بس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کارروائی کو بھارتی ایجنسیوں کی سازش قرار دیا ہے ۔متحدہ جہاد کونسل نے کہا ہے کہ نہتے یاتریوں پر حملے نے وندہامہ گاندربل اورچھٹی سنگھ پورہ حملوں کی یاد دلائی۔مجاہدین کشمیرکی تاریخ گواہ ہے کہ وہ کسی نہتے کو قتل کرنا جرم عظیم سمجھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے کی۔اجلاس میں ریاسی جموں میں یاتریوں کی بس پر حملے کی شدید مذمت کی گئی اور اسے بھارتی ایجنسیوں اور انتہا پسند ہندوتا نظرئیے کے حامل عناصرکی ایک گھناونی سازش  اور کارستانی قرار دیا گیا۔مجاہدین  کشمیرکی تاریخ گواہ ہے کہ وہ کسی بھی نہتے شخص کو قتل کرنا،پوری انسانیت کو قتل کرنے کے مترادف سمجھتے ہیں۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیر انسانی اور اسلامی بنیادوں پر جاری ہے اور اس میں اس طرح کے حملوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ایسی نوعیت کے حملے ایک جائز اور پاک جدوجہد کو بدنام کرنے کی ایک سازش ہے اور قابض قوتوں کی ایسی سازشیں پہلے بھی بے نقاب ہوچکی ہیں۔  25جنوری 1998وندہامہ گاندربل اور 20مارچ چھٹی سنگھ پورہ قتل عام سازشیوں اور بھارتی ایجنٹوں کے ماتھے میں کلنک کے داغ کی طرح آج بھی موجود ہیں۔حقیر مفادات کی خاطر بے گناہ  لوگوں کو بھینٹ چڑھانا انتہائی قابل مذمت عمل ہے جس کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے۔