اسلام آباد (صباح نیوز)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فرار ہونے والے مشیروں کو حساب دینا ہوگا۔
انہوںنے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں چور دوسروں کا احتساب کر رہے ہیں، عمران خان بتائیں کہ انہوں نے کرپشن سے متعلق نیب اور ایف آئی اے کو کتنے خط لکھے ہیں، فرار ہونے والے مشیروں کو حساب دینا ہوگا، یہاں کرسیاں چھوڑنے کا نہیں ان سے چمٹے رہنے کا رواج ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین نیب کو صرف اپوزیشن نظر آتی ہے، کیا چیئرمین نیب سے کسی دن یہ سوال نہیں ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر فرار ہوگئے، فرار ہونیوالے مشیران اپنے اثاثوں کا جواب دیں، احتساب میں یہ نہیں ہوتا کہ جعلی کیسز بنائے جائیں، نیب کا تماشا لگا رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ عوام کیساتھ اظہار یکجہتی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نا اہلی کے باعث مہنگائی عروج پر ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا علاج چل رہا ہے، اس سال آئیں یا اگلے سال جب علاج مکمل ہو جائے گا تو وطن واپس آ جائیں گے۔