آج بھی حضرت ابراھیم علیہ السلام و حضرت اسماعیل علیہ السلام والا جذبہ اطاعت و قربانی امت مسلمہ کو نئی زندگی دے سکتا ہے،ثمینہ سعید

 کراچی (صباح نیوز)ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین  جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید  نے کہا ہے کہ اسلام کی تاریخ ایثار اور قربانیوں کی شاندار مثالوں سے بھری پڑی ہے اور یہی اسلام کا حسن ہے کہ اسلام کے پیروکار حکم خداوندی ا جانے پر کسی قسم کی قربانی اور ایثار  سے دریغ نہیں کرتے،آج بھی حضرت ابراھیم علیہ السلام و حضرت اسماعیل علیہ السلام  والا جذبہ اطاعت و قربانی  امت مسلمہ کو نئی زندگی دے سکتا ہے،ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین  جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے الخدمت ٹرسٹ خواتین کے ششماہی جائزہ اجلاس میں ذمہ داران سے ان لائن خطا ب کے دوران کیا- انہوں نے سیرت ہاجرہ علیہ السلام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بہترین ماں کے طور پر امی ہاجرہ کا رول ماڈل ہم سب خواتین کے لیے مشعل راہ ہے- آج غزہ میں دی جانے والی قربانیوں نے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی کی یاد کو از سر نو تازہ کر دیا-

 صدر الخدمت خواتین  ٹرسٹ پاکستان کلثوم رانجھا نے کہا کہ الخدمت خواتین ٹرسٹ  نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر کی دکھی مجبور اور پریشان حال خواتین کی مدد اور بحالی کے لیے سرگرم عمل ہے- الخدمت خواتین ٹرسٹ پاکستان کا ششماہی جائزہ اجلاس ، ٹرسٹ کے ہیڈ آفس کراچی میں منعقد ہوا جس میں  فیصل آباد، اسلام آباد، لاہور، پشاور، وندر، پتریاٹہ کی ریجنل صدر صائمہ شبیر، یاسمین طارق،نسرین مراد، ثمینہ پرویز،شہناز اقبال،ذاہدہ کوثر،فریدہ جمیل اور نائب صدور اور آغوش ہوم گرلز ہاسٹل کی ذمہ داران نے آن لائن  شرکت کی۔  چئرپرسن الخدمت ٹرسٹ نویدہ انیس نے بھی اجلاس سے خصوصی خطاب کیا – اس اجلاس میں بانی الخدمت خواتین ٹرسٹ پاکستان محترمہ ناصرہ الیاس صاحبہ نے سب کی موجودگی پر مسرت کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید مدیرہ  چمن بتول صائمہ اسما کے گھر گئیں  اور ان کے رفیق حیات کی وفات پر ان سے تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی#