عوام مہنگائی اور لاقانونیت کا شکار، حکومت عملی اقدامات کی بجائے طفل تسلیاں دے رہی ہے۔ محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ میڈیا کی رپورٹس اور پنجاب پولیس کے اپنے اعدا د و شمار کے مطابق رواں سال جرائم کی شرح میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے ۔ عوام کے جان و مال کچھ بھی محفوظ نہیں رہے ۔لاہور سمیت پورے صوبے میں لاقانونیت کی انتہا ہو چکی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صاحبہ فوٹو سیشن ، سرکاری خزانے پر ذاتی تشہیر اور ٹک ٹاک بنانے میں مصرو ف ہیں۔پنجاب کے 12کروڑ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کل ڈکیتی کی وارداتوں کی تعداد ایک لاکھ 74ہزار 333رہی ، قتل کے 665واقعات ہوئے ،اقدام قتل کے 1211واقعات درج ہوئے ہیں۔اغوا کی 3788کیسز درج ہوئے ،خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے 440واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ ڈکیتیوں کی تعداد 3554رہی۔ بد قسمتی قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے اور حکومت بے حس ہو چکے ہیں۔ دن دیہاڑے لوگوں کو لوٹ لیا جاتا ہے ، اسٹریٹ کرائم پہلے سے بہت بڑھ چکا ہے ، عوام بے یارو مدگار اور جرام پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی درگرگوں ہے اور باعث تشویش ہے۔ایک طرف ملک میں لاقانونیت پھیلی ہوئی ہے امن وامان کے حالات مخدوش ہیں دوسری طرف پی ڈی ایم کی نااہل اور نا جائز حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام مہنگائی کی آگ میں مزید دھکیل دیا ہے۔ پنجاب بھر میں لا قا نونیت اور پولیس گردی عروج پر ہے دن دہاڑے کرائم پیشہ افراد قتل و غارت کرتے پھرتے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ اور پولیس کے سر براہ کو دیگر مصروفیات سے فر صت نہیں ہے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستانی مہنگائی لاقانونیت کی چکی میں پس رہے ہیں اور موجودہ حکومت عوام کو طفل تسلیاں دینے کے سوا ابھی تک کوئی نفع نہیں پہنچا سکی