لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں فارم 47کی جعلی حکومت قائم ہے جس کو عوامی نمائندگی کا کوئی اختیار نہیں ،پی ڈی ایم ٹو کی سرکار زیادہ دیر چلتی نظر نہیں آرہی ۔ ملک میں عملاً مافیا ز کی حکومت ہے ، جس کا جو دل کرتا ہے وہ کرنے لگتا ہے ، پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو تمام اداروں کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام اور آئین وقانون کا احترام کرنا ہو گا ۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہحکومت میں شامل مافیا اپنے اپنے مفاد کی خاطر ایک دوسرے کے خلاف ہی سرگرم ہیں۔25کروڑ عوام نے موجودہ اتحادی اور سابقہ تبدیلی، دونوں ہی حکومتوں کی اہلیت اور صلاحیت کو دیکھ لیا ہے۔ ان کے پاس جھوٹے دعوئوں اور وعدوں کے سوا کچھ نہیں۔8فروری کو عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کے پاس کسی قسم کا کوئی معاشی ایجنڈا نہیں ہے ، آئی ایم ایف کے غلام آتے ساتھ ہی اس کے سامنے سجدہ ریز ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے پورا نظام ہی کرپشن کی نذر ہو چکا ہے۔مافیا نے سسٹم کو یرغمال بنایا ہوا ہے، کبھی آٹا مافیا، کبھی چینی مافیا، پٹرول مافیا،اجناس مافیا، لینڈ مافیا اور فارما سو ٹیکل مافیا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیتا ہے۔بد قسمتی سے جن لوگوں نے ان کو روکنا ہے وہ بھی شریک جرم نکلتے ہیں۔عوام کی مشکلات کا کسی کو ذرا برابر احساس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو کرپشن سے پاک نہ کیا گیا تو حالات مزید سنگین ہو جائیں گے ، ہر شعبہ تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے ، کرپشن کی اس بہتی گنگا میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی نے اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے ۔ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے مالی بدعنوانی ،ٹیکس چوری، حوالہ ہندی ، سمگلنگ میں ملوث افراد کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہو گا ۔ بجلی ، گیس ، پٹرولیم مصنوعات ، چینی ، آٹا سب کچھ عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے ۔ مہنگائی کا گراف آسمان سے باتیں کر رہا ہے ۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جب تک عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف میسر نہیں ہو گا اس وقت تک حکمرانوں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان لگا رہے گا ۔آئندہ وفاقی و صوبائی بجٹ میں عوام پر ٹیکس کم اور تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کیا جانا چاہئے