حافظ نعیم الرحمن کی حافظ اتقا معین کے اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت ،سندھ حکومت و پولیس کی نا اہلی کی شدید مذمت

کراچی(صبا ح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے گلشن اقبال میں بائیک چھیننے پر مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید نوجوان انجینئر حافظ اتقا معین کی رہائش گاہ جا کر ان کے بھائی عمر معین، عثمان معین،عباد معین اور نافع معین و دیگر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی ،سندھ حکومت و پولیس کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی،ملاقات میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیر ضلع شرقی شاہد ہاشمی، ٹاؤن چیئر مین گلشن و سکریٹری ضلع ڈاکٹر فواد، وائس ٹاون چیئر مین ابراہیم صدیقی، نائب امیر ضلع شرقی نعیم اختر ودیگر بھی موجود تھے ۔

بعد ازاں حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی 16 سال سے مسلسل سندھ میں حکومت کررہی ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے اور عوام کے تحفظ کے لیے کچھ نہیں کیا ۔پہلے ہی شہری مسائل کا شکار ہیں اور دوسری جانب کھلے عام ڈاکو شہریوں کو مار رہے ہیں۔چھینا جھپٹی کے واقعات میں نوجوانوں کا قتل کیا جارہا ہے۔ جوان سال حافظ قرآن انجینئر اتقا معین کو شہید کیا گیا ۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاکردگی سوالیہ نشان ہے کہ وہ کیا کررہے ہیں۔ پہلے ہی کراچی کو اس کا حق نہیں دیا جارہا اور دوسری جانب انہیں تحفظ بھی نہیں دیا جارہا۔اقتدار میں موجود لوگ اپنے مفادات تو پورے کررہے ہیں لیکن عوام کی جان و مال کا کسی کو کوئی خیال نہیں۔ہم حافظ انجینئر اتقا معین کے گھر والوں سے تعزیت اور شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ جان و مال کے تحفظ کے لیے باہر نکلیں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ جماعت اسلامی آئندہ کا جو بھی لائحہ عمل طے کرے شہری اس کا حصہ بنیں۔