حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر رفح میں اسرائیلی سفاکیت کے خلاف کل (جمعہ) کو ملک گیر یوم احتجاج ہو گا۔قیصر شریف

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر رفح میں اسرائیلی سفاکیت کے خلاف کل  (جمعہ)ملک گیر یوم احتجاج ہو گا۔ تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں جلسے اور ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں عوام کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت نائب امیر میاں محمد اسلم کریں گے، لاہور میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم مظاہرے میںشرکت کریں گے، نائب امیر لیاقت بلوچ منڈی بہاؤالدین میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کریں گے۔

کوئٹہ میں امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق ہاشمی، نائب امیر ہدایت الرحمن بلوچ مظاہرے کی قیادت کریں گے، پشاور میں قیم صوبہ کے پی عبدالواسع اور امیر ضلع بحراللہ خان، کراچی میں عبوری امیر ضلع منعم ظفر و دیگر قیادت مظاہروں سے خطاب کرے گی، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد،سکھر و دیگر مقامات پر ہونے والے مظاہروں سے جماعت اسلامی کے مرکزی و مقامی قائدین بھی خطاب کریں گے۔ قیصر شریف نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلیوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔

انھوں نے کہا کہ عالمی عدالت کے فیصلہ کے بعد رفح میںصہیونی افواج نے دودفعہ بمباری کی جس میں بڑی تعداد میں معصوم فلسطینی عوام جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں شہید ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان حکمران اور خصوصی طور پر پاکستان کے حکمران اس ظلم و سفاکیت پر خاموش ہیں۔ جماعت اسلامی مسلمان حکمرانوں کو بیدار کرنے کے لیے جمعہ کو یوم احتجاج کے طور پر منا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 2جون کو کراچی میں غزہ ملین مارچ کا انعقاد کرے گی۔