کوئٹہ (صباح نیوز)رکن قومی اسمبلی اور بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) کے صدر خالد مگسی پر بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں علاقے نوتال کے قریب فائرنگ کی گئی ہے تاہم وہ حملے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ پولیس حکام کے مطابق نوتال قومی شاہراہ پر ایم این اے خالد مگسی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خالد مگسی کے گارڈ کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے۔
خالد مگسی کوئٹہ سے جھل مگسی جا رہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا۔نوابزادہ خالد مگسی باپ پارٹی کے مرکزی صدر اور رکن قومی اسمبلی ہیں،سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے خالد مگسی پر حملے کی مذمت کی ہے۔ صادق سنجرانی نے خالد مگسی سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ شکر ہے خالد مگسی قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے، خالد مگسی پر حملہ سوچی سمجھی سازش ہے، صوبائی حکومت حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرے۔