مقبوضہ جموں وکشمیر میں شخصی آزادی کی خلاف ورزی ، ایک اور کشمیری کے ساتھ ٹریکنگ سسٹم نصب


سری نگر:مقبوضہ جموں وکشمیر میں پولیس نے شخصی آزادی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک اور کشمیری کیساتھ گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) لگادیا ہے۔

پولیس نے ضلع بارہمولہ میں عدالت سے ضمانت پر رہائی پانے والے ایک کشمیری کے ساتھ ٹریکنگ سسٹم لگا دیا ۔ جس شخص کیساتھ جی پی ایس لگا دیا گیا ہے اسے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمے کا سامنا ہے۔

قبل ازیں سرینگر کے رہائشی65سالہ غلام محمد بٹ کے ساتھ بھی نومبر 2023میں جی پی ایس سٹم لگا دیا گیا تھا ۔

حقوق کے کارکنوں نے مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے ساتھ ٹریکر سسٹم نصب کرنے کے بھارتی حکام کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شخصی آزادی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی شخص مجرم ثابت نہ ہو جائے اسے اس طرح کی پابندیوں کے دائرے میں لانا شدید ناانصافی ہے۔