عمران خان نے خطرناک ہونے کی دھمکی فوج ،عدلیہ کو دی ،مولانا فضل الرحمن


کوئٹہ (صباح نیوز)جمعیت علما ء اسلام (ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے نکالنے پر فوج اور عدلیہ کو خطرناک ہونے کی دھمکی دی ہے، چمن ضرور جاوں گا، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کوئٹہ میں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور بھوک پیاس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا، 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج میں تمام سیاسی پارٹیوں کو بھر پور شرکت کی دعوت دی ہے، ملک کے کونے کونے سے عوام اسلام آباد میں ہونگے، احتجاج کی قیادت پی ڈی ایم جبکہ مظاہرہ عوام کا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی اپوزیشن کو ٹارگٹ نہیں بنائیں گے ہمارا محاذ ایک ہی ہے، اے این پی اور پیپلز پارٹی ، پی ڈی ایم کا حصہ نہیں اگر وہ مارچ میں آتے ہیں تو ہم ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فوج،جرنیلوں اور عدلیہ کو تھریٹ کیاکہ اگر آپ نے نکالا تو میں اور خطرناک ثابت ہونگا، حکمرانی کے دوران عوام کو مہنگائی اور بھوک پیاس کی جانب دھکیل دیا گیا، باہر آئے گا تو کیا اور کنگال کرے گا، عمران خان بتائے کہ وہ باہر آکر کس طرح خطرناک ہوں گے، عمران خان کا رعب و دبدبہ ختم ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں چمن ضرور جاوں گا، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ڈپٹی کمشنر چمن کی ذمہ داری ہے کہ وہ تحفظ فراہم کریں۔