نیویارک— رواں برس کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یکم جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا اور اس کے لیے حکام نے سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آئی ایس آئی ایس (داعش) کی خراسان شاخ نے اس پر حملے کی دھمکی دی ہے، جس کے بعد حکام نے اضافی سکیورٹی کا اعلان کیا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے میگا ایونٹ، نو جون کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کے حوالے سے سیکورٹی کی دھمکی ملی ہے جو نیسا کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم نیو یارک میں کھیلا جائے گا۔
جرمن ٹی وی رپورٹ کے مطابق نیویارک کی گورنر کیتھی ہوشل نے سکیورٹی سے متعلق خطرے کی حقیقت پر سوال اٹھایا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کی ٹیم شائقین کو محفوظ رکھنے کے لیے کام کر رہی ہے اور حفاظتی اقدامات کو بڑھا دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا، ”میری ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی تیاری میں مصروف ہے اور شرکا کو محفوظ رکھنے کے لیے وہ وفاقی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ اگرچہ اس وقت تک کوئی قابل اعتبار خطرہ نہیں ہے، پھر بھی میں نے نیویارک پولیس کو حفاظتی اقدامات کو بڑھانے کی ہدایت کی ہے اور جیسے جیسے ایونٹ قریب آئے گا ہم نگرانی کرتے رہیں گے۔”نیسا کاونٹی کے ایگزکٹیو بروس بلیک مین نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شائقین کی بڑے پیمانے پر آمد کے لیے سیکورٹی اور صحت کی دیکھ بھال کے خدشات کے پیش نظر سخت منصوبہ بندی کی ہے۔
انہوں نے امریکی میڈیا ادارے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا، ”دنیا بھر سے ٹیمیں آئیں گی۔ نیسا کاؤنٹی میں پوری دنیا سے شائقین آئیں گے، ہم سکیورٹی خدشات اور صحت کی دیکھ بھال کے خدشات کے بارے میں بات کرنے کے لیے چھ ماہ سے زیادہ عرصے سے مستقل بنیادوں پر ملاقات کر رہے ہیں۔”بلیک مین نے ایف بی آئی، محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نیز انٹیلیجنس ایجنسیوں جیسے وفاقی شراکت داروں کے ساتھ سکیورٹی کو سخت کرنے کے لیے کاؤنٹی کی مربوط کوششوں کے بارے میں بھی بتایا۔
نیسا کاؤنٹی کے پولیس کمشنر پیٹرک جے رائڈر نے بھی خطرے کو تسلیم کیا اور شائقین کو حادثات سے بچانے کے لیے تعینات کی گئی مضبوط سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔رائڈر نے کہا، ”میں آپ کو اس بات کی ضمانت دے سکتا ہوں۔ اس کاؤنٹی کی تاریخ میں اب تک کی یہ سب سے بڑی سکیورٹی ہے اور میں آپ کو اس کی ضمانت بھی دے سکتا ہوں۔ نو جون کو نیسا کاؤنٹی میں سب سے محفوظ جگہ اس اسٹیڈیم کے اندر ہو گی۔”ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون کو گرینڈ پریری اسٹیڈیم ڈیلاس میں میزبان امریکہ اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ نو جون کو بھارت اور پاکستان کا میچ ہو گا۔