تحریک آزادی کشمیر کو ایک لمحہ کے لیے بھی فراموش نہیں کرسکتے، اوور سیز کشمیری کشمیر کاز کیلیے متحد ہیں، محمد غالب

چکسواری(صباح نیوز)تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر ہماری ترجیع اول ہے ہم اس تحریک کو ایک لمحہ کیلیے بھی فراموش نہیں کرسکتے بھارت اس تحریک کو دبانے کیلیے ظلم و جبر کے جتنے ہتھکنڈے آزمائے اسے اپنے مذموم مقاصد میں کامیابی نہیں ہوگی یہ تحریک منزل کے حصول تک پورے عزم و حوصلے سے جاری رہے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چکسواری پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔

محمد غالب نے کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کے چارٹرڈ کے عین مطابق اپنی آزادی کی تحریک جاری رکھے ہوے ہیں ،کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے چھہتر برس کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ ان قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کروا سکا محمد غالب نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی میں لاکھوں شہدا کا خون شامل ہے شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے موجودہ حالات میں حکمت عملی کے ساتھ آزادی کی تحریک کو آگے بڑھانا ہوگا ،بین الااقوامی محاذ پر ہم متحد ہوکر کام کررہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ شہدا کا مشن صرف اور صرف حق خودارادیت کا حصول تھا، شہدائے حریت کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ہم نے ان کے مشن کو جاری رکھنا ہوگا اور ہمیں متحد و منظم ہوکر آگے بڑھنا ہے ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جاے ہم اوورسیز کشمیری کشمیر کاز کیلیے متحد ہیں انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہم اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں اوورسیز کشمیری و پاکستانی اس تحریک کی پشت پر ہیں بیس کیمپ کی حکومت اور حکومت پاکستان کو تحریک ازادی کشمیر کے حوالے سے ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔