واشک (صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع واشک میں مسافر بس حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور22زخمی ہوگئے۔
لیویز حکام کے مطابق بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے کلغلی میں مسافر بس کو حادثہ ٹائر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا، بس گوادر سے کوئٹہ جارہی تھی کہ بس کا ٹائر پھٹنے سے بس بے قابو ہوگئی اور کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ لیویز حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور زخمیوں کو بسیمہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید 22 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
لیویز حکام نے کہا کہ حادثے میں 22 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واشک بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے میں جانی نقصان پر دلی رنج اور صدمہ ہوا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔