کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ صوبہ بھر کی بڑی شاہراہوں ،چمن کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ڈبل ،بلوچستان کو موٹروے کی سہولت دیکر کوئٹہ شہرکی تمام سڑکیں مرمت اور گلیوں ونالیوں کی تعمیر کی جائے کئی دہائیوں سے شہرکی سڑکوں ونالیوں کے معیاری کام ہوئے ہیں نہ بلوچستان میں کوئی میگاپراجیکٹ شروع ہوا ہے صرف دعوے وعدے اور بے عمل اعلانات پر ٹرخایے جارہے ہیں جماعت اسلامی مظلوم عوام کیلئے ہر فورم پر آوازبلند کرتی رہے گی ۔
جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر کو حالیہ بارشوں نے دیہات بنادیاہے شہر کی سڑکیں ٹھوٹ گئی ہیں نالیاں ابل رہی ہے گلیوں میں کیچڑوکھڈوں کی وجہ سے راہ گیروں کا گزرنامشکل ہوگیا ہے ۔شہر کی مین سڑکوں سمیت نواں کلی ،سریاب ،خیزئی ،کچلاک سمیت دیگر تمام علاقوں کی سڑکیں ونالیاں تباہ ہوگئی ہیں صوبائی حکومت ان کی تعمیر نیک نام ٹھیکیدارکے ذریعے معیاری کام کروادیں تاکہ مہینہ دو کے اندردوبارہ یہی حالت نہ ہوا بدعنوانی اور ناکام بدعنوان ٹھیکیداری سسٹم کی وجہ سے شاہراہوں سڑکوں اورنالیوں کا معیاری کام نہیں ہورہا معمولی بارش اور چند مہینوں کے اندرنئے تعمیر شدہ شاہراہیں گلیاں ونالیاں دوبارہ خراب ہوجاتی ہیں جو لمحہ فکریہ اور بدعنوانی اقرباء پروری کی وجہ سے ہیں ۔جماعت اسلامی بلوچستان کے مظلوم عوام کا پالیمنٹ میں توانا آوازبنے گی جماعت اسلامی کے ممبران اسمبلی گوادر سے چمن اور ژوب تک ہر اجتماعی قومی مسائل کو اجاگر اور حل کیلئے بھر پور کوشش کریگی ۔
جماعت اسلامی کے ممبران اسمبلی جھکنے اوربکنے والے نہیں انشاء اللہ بلوچستان کے قومی اجتماعی مسائل کو حل ،لاپتہ افراد کی بازیابی، ساحل ووسائل کی حفاظت جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ممکن بنائیں گے ۔لاپتہ افراد،ساحل ووسائل کے مقدس نام پر سیاست کرنے والے ناکام ہوگئے ۔ جماعت اسلامی ہر قوم ہر علاقے کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔نوجوان علمائے کرام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔اسرائیلی دہشت گردی کی وجہ سے مظلوم فلسطینیوں کی زندگی عذاب بن گئی ہے یہ سب بزدل سپہ سالاروں اور بے حس مسلم حکمرانوں کی وجہ سے ہیں۔ کئی سالوں سے فلسطینیوں کی نسل کُشی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ عالمی استعماری طاقتیں بڑی ڈھٹائی سے غاصب اسرائیل کی سرپرستی کر رہی ہیں۔ قبلہء اول کی حفاظت اور آزادی، عالمِ اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔امت مسلمہ نے ہر فورم پر فلسطینیوں بالخصوص غزہ اور بیت المقدس کے مسلمانوں کی پامردی اور شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کیاہے