منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام غریب بچیوں کی شادیوں کی سالانہ تقریب


راولپنڈی(صباح نیوز)منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن راولپنڈی کے زیر اہتمام غریب گھرانوں کی بچیوں کی شادیوں کی سالانہ تقریب گزشتہ روز ایک میرج ہال  میں ہوئی ۔تحریک منہاج القرآن کے ضلعی صدر انار خان گوندل کی صدارت میں منعقد ہوئی، ہال کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا،تحریک کے راہنماں مرزا آصف، اجمل محمود، راجہ عامر جاوید اور راجہ ابراہیم نے باراتوں کا استقبال کیا،منہاج یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے راہنماؤں نے دولہوں جبکہ منہاج ویمن لیگ کی عہدیداروں نے دلہنوں پر گل پاشی کی،ہر جوڑے کو چار چار لاکھ کا جہیز دیا گیاجس میں ضروریات زندگی کی تمام اشیا شامل تھیں۔تقریب کا آغازتلاوت اور نعت سے ہوا، میزبان ضلعی کوآرڈینیٹر منہاج ویلفیئر فاونڈیشن راولپنڈی مظہر الحق نے استقبالیہ کلمات ادا کئے

تقریب کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلی خرم نواز گنڈا پور نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کو یکجا کر کے محروموں تک پہچانا نبوی طریق ہے،اب تک ہزاروں گھر بسا چکے ہیں،ہماری کوشش ہے کہ بیٹی بوجھ نہ بنے،منہاج ویلفیئر فانڈیشن پاکستان کے علاوہ ترکی،شام،برما اور افریقہ کے پسماندہ ممامک تک مصروف عمل ہے،انہوں نے انتہائی خوبصورت تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلی محترم رفیق نجم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور مفلسی اکھٹے نہیں رہ سکتے،اسلام کا نظام مواخات معاشرے سے غربت کے خاتمے کی ضمانت فراہم کرتا ہے،مادیت زدہ نظام تعلیم نے ہمیں مخلوق پر خرچ کرنے سے روک دیا۔عمر حیات نے شرکا کو بتایا کہ ہم نادار بچیوں کی شادیوں کے علاوہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین  کے لئے گھروں کی تعمیر، تھر میں صاف پانی کی فراہمی،  موبائل میڈیکل کیمپس، غریب مگر ذہین بچوں کی تعلیمی وظائف، بیوہ خواتین کی ماہانہ مالی امداد، فوڈ ڈسٹریبوشن اوررعائتی دستر خوان جیسے منصوبہ جات چلا رہے ہیں، جن کیلئے ہم اپنے تمام ڈونرز کے بے حد مشکور ہیں۔ مہمانان خصوصی نے نئے جوڑوں کو تحائف بھی پیش کئے۔ تقریب میں معروف سماجی شخصیت راجہ ندیم، کرنل (ر) خالد جاوید، فرقان یوسف،عثمان ارشد،امجد ارباب عباسی، امتیاز علوی، جسٹس ریٹائرڈ صغیر احمد قادری، علامہ ارشد مصطفوی، علامہ علی اختر اعوان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمائندہ شخصیات شامل تھیں،مہمانوں کی تواضع پر تکلف ظہرانے سے کی گئی،تقریب کے آخر میں منہاج ویمن کی ضلعی عہدیداروں رابعہ مظہر، آسیہ کریم، عائشہ ندیم اور دیگر نے تمام دلہنوں کو اپنی بہنوں کی طرح نیک دعاں کے ساتھ رخصت کیا، اس موقع پر جوڑوں کے والدین نے عظیم فرض کی ادائیگی میں مدد کرنے پر ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے کارکنوں کو ڈھیروں دعاں سے نوازا۔