کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے بدھ کے روز ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف اوراہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 2جون کو شاہراہ فیصل پر تاریخی و عظیم الشان ”غزہ ملین مارچ” کیا جائے گا، مار چ سے امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے ، ملین مارچ کے سلسلے میں 24مئی کو شہر بھر میں مظاہرے جب کہ 26مئی کو ملینیم مال پر معذور افراد کا تاریخی مظاہرہ ہوگا،27سے 30مئی تک شہر کے بڑے شاپنگ مالز اورتجارتی مراکز میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے لیے سرگرمیاں کی جائیں گی اور عوام کو بائیکاٹ مہم میں شریک اور مہم کو مزید تیز کیا جائے گا،31مئی اور یکم جون کو شہر بھر میں ریلیاں اور بڑی شاہراؤں اور اہم پبلک مقامات پر کیمپس لگائے جائیں گے ۔
اہل کراچی اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اپنی فیملی کے ہمراہ تمام تر سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر غزہ ملین مارچ میں بھرپور شرکت کریں،ہم ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران کے فضائی حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور ایرانی حکومت وعوام سے دلی تعزیت کرتے ہیں،حکومت کرغستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ وطالبات کی وطن واپسی یقینی بنائے اور زخمی طلبہ کا سرکاری سطح پر علاج کروایا جائے ۔ہم کے الیکٹرک انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا قبلہ درست کرے اورلوڈ شیڈنگ ختم کرے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے اسے قومی تحویل میں لیا جائے اور اس کافارنزک آڈٹ کیا جائے۔
پریس کانفرنس میںنائب امراء جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ،راجہ عارف سلطان،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری،سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین،نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی وکمپلنٹ سیل کے چیئرمین عمران شاہد، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمد موجود تھے ۔منعم ظفر نے مزید کہاکہ کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ، شدید گرمی و ہیٹ ویوز میں بھی شہر کے بیشتر علاقوں میں 18گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ، میٹرک کے امتحانات جاری ہیں ،انٹر کے ہونے والے ہیں،طلبہ و طالبات سخت پریشان ہیںکیونکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے امتحانات کی تیاری کرنا مشکل ہوگیا ہے ،حکومت، کے الیکٹرک اور نیپرا کا شیطانی اتحاد ہے ،ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں مل کر کے الیکٹرک کو فروخت کیا ہے اور آج بھی یہ دونوں پارٹیاں حکومت کا حصہ ہیںاورکے الیکٹرک نے کراچی کے عوام پر بدترین لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے عذاب میں مبتلا کیا ہوا ہے۔
منعم ظفر نے مزیدکہاکہ غزہ و فلسطین میں گزشتہ 7ماہ سے اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی جاری ہے ، عالمی طاقتیں اسرائیل کی پشت پناہی کررہی ہیں اور عالمی دہشت امریکہ، اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ میں پیش کی جانے والی قراردادوں کوویٹو کررہا ہے ۔ہم اہل غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں ،غزہ کا 80فیصد سے زائد حصہ تباہ کردیا گیا ہے اور 80ہزار سے زائد فلسطینی رفح میں موجود ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ، فلسطینی مسلمانوں کی مزاحمت سے ہی آج پوری دنیا میں باضمیر انسان اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں ۔امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی سے اٹھنے والی تحریک آج برطانیہ ،اٹلی ، فرانس اور جرمنی کی جامعات تک پھیل گئی ہے ۔
منعم ظفرنے کہاکہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ نے اسرائیلی وزیراعظم ،وزیر دفاع اور آرمی چیف کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے ہیںلیکن اس معاملے پر بھی امریکہ رکاوٹ بنا ہوا ہے ، امریکی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ وہ خود دہشت گرد ہے ،اس نے 1945میں ہیروشیما ناکاساکی میں ایٹم بم برسائے ، ریڈ انڈین کی لاشوں پر امریکی ریاست قائم کی ،آج اسرائیل کی سرپرستی کر کے مظلوم و نہتے فلسطینیوں کو شہید کیا جارہا ہے ،قبلہ اول کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔جماعت اسلامی اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہے ، ہم نے ماضی میں بھی اہل غزہ و فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پورے ملک میں ملین مارچ اور احتجاجی مظاہرے کیے ہیں ۔اسرائیل کی دہشت گردی و جارحیت اور اہل غزہ سے یکجہتی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔