کلرسیداں،نامعلوم افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکارجاں بحق


کلرسیداں (صباح نیوز)  تھانہ کلر سیداں کے علاقے چنالی گائوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔

خدمت مرکز کلرسیداں پر تعینات پولیس اہلکار معین آصف سادہ کپڑوں میں موٹر سائیکل پر چنالی گائوں جارہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی کہوٹہ طاہر سکندر پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکھٹے کرنے کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ڈی ایس پی کہوٹہ طاہر سکندر نے کہا کہ مقتول پولیس اہلکار بھاٹہ مندرہ کا رہائشی اور خدمت مرکز کلرسیداں میں تعینات ہونے کے باعث چنالی گائوں میں سسرال کے ساتھ ہی مقیم تھا، تفتیش میں بظاہر واقعہ دشمنی یا دیر ینہ عداوت کا لگتا ہے تاہم تفتیش میں صورتحال واضح ہوجائے گی۔