تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہے۔پروفیسر محمد ابراہیم خان

پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ دنیا میں آنے والے انقلابات، امامت اور قیادت کی بنیاد کتاب ہے۔ پیرس اور لندن جب تاریکی میں ڈوبے ہوئے تھے اس وقت قرطبہ کے جامعات میں یورپ کے لوگ علم کے حصول کے لیے آتے تھے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہے۔ امت مسلمہ کتاب سے رشتہ جوڑ لے تو مسلمان نہ صرف ترقی کرسکتے ہیں بلکہ دنیا کی امامت بھی اپنے ہاتھ میں لے سکتے ہیں۔ بک فیئر کے انعقاد پر اسلامی جمعیت طلبہ کی پوری قیادت کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جمعیت کتاب کے ساتھ طلبا و طالبات کے تعلق کو جوڑنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ پشاور کے پیوٹا ہال میں اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پشاور کے زیر اہتمام تیرہویں تین روزہ بک فیئر(کتاب میلے) کے افتتاح کے بعد شرکا سے اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کے ناظم آفتاب عالم، ناظم کیمپس تقویم الحق، طلبا اور اساتذہ بھی موجود تھے۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے بک فیئر کے پہلے روز فیتا کاٹ کر افتتاح کیا اور بعد ازاں بک اسٹالز کا بھی دورہ کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ درحقیقت دنیا کی امامت سے امریکہ اور مغرب کی امامت اور قیادت کا خاتمہ ہونے والا ہے، غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 35 ہزار سے زائد افراد نے جانوں کا نظرانہ پیش کیا ہے جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے۔ امت مسلمہ قیادت اور امامت کے لیے خود کو تیار کرے۔

انھوں نے کہا کہ طبعی اور عمرانی علوم کی بنیاد وحی پر ہو تو یہ انسانیت کے لیے خیر کاباعث بنتا ہے، سائنسی علوم کی بنیاد سے وحی کو نکالا گیا تو جہاں اس نے انسانیت کی خدمت کی، وہاں تباہی و بربادی کا سامان بھی تیار کیا۔انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے استعمال نے کتاب کے مطالعہ کا ذوق و شوق کچھ کم کردیا ہے لیکن کتاب کی اہمیت اپنی جگہ برقرار ہے۔ کتاب سے تعلق اور مطالعے کے شوق کو پروان چڑھانے کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ کتاب میلوں اور دیگر تعلیم دوست سرگرمیوں کا انعقاد کرتی ہے۔