سری نگر بھارتی فورسز نے مختلف علاقوں میں آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف محاصرے اور تلاشی کی اپنی پرتشدد کارروائیاںجاری رکھی ہوئی ہیں۔ بھارتی فوج ، پیرا ملٹری، پولیس اور وی ڈی سی کے اہلکاروں نے جموںخطے کے پونچھ، راجوری اور ڈوڈہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی آج چھٹے روز بھی جاری رکھی۔ بھارتی فوجیوںنے ان اضلاع میں آپریشن نامعلوم مسلح افراد کیطرف سے ہفتے کے روز پونچھ کے علاقے شاشتر میں بھارتی ائر فورس کے ایک قافلے پر حملے کے بعد شروع کیا تھا ۔ حملے میں ائر فورس کا ایک اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
بھارتی فورسز نے آپریشن کے دوران اب تک دو درجن سے زائد افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میںلیا ہے ۔جموںخطے کے ہی ادھم پور اور کٹھوعہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں آج12ویں روز بھی بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔دریں اثنا، بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ وادی کے ضلع کولگام کے علاقے ریڈوانی میں آج تیسرے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔ بھارتی فوجیوں نے منگل کو ریڈوانی میں کیمیکل مواد کا استعمال کرتے ہوئے تین نوجوانوں شہید اور متعدد مکان تباہ کر دیے تھے۔بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کو قتل ، گرفتار اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ بھارتی فورسز اہلکار نہتے لوگوں کو حراست میں لینے کے بعد بہیمانہ تشددکا نشانہ بناتے ہیں۔