خیبر پختونخوا کے گورنر ،وزیراعلی میں نیا محاز گرم ہوگیا

کراچی (صباح نیوز)نئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلی کے پی اگر  اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے تو ان سے قانون کے مطابق نمٹیں گے، سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے  جیل توڑیں گے تو اسلام آباد اور  پنجاب پولیس کیسے آپ کو چھوڑیگی۔

پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ  خیبر پختونخوا میں امن وامان کی صورتحال اچھی نہیں ہے،  صوبے کا  وزیراعلی اپنے ضلع میں نہیں جاسکتا جس سے آپ صورتحال کا اندازہ  لگاسکتے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ   وزیر اعلی سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے شہدا کو  انصاف دلوائیں، صوبے کے بقایا جات مانگنے کے لیے فورمز  ہیں،  ان  پر اپنا کیس لڑنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاق سے تنازع رہا تو کے پی کے لوگ 5 سال پیچھے چلے جائیں گے،  پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے، اگر  آپ جیل توڑیں گے تو اسلام آباد اور  پنجاب پولیس کیسے آپ کو چھوڑیگی۔