امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن کو 18مئی کوپشاور میں عوامی استقبالیہ دیا جائے گا،عبدالواسع

پشاور(صباح نیوز) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن 18مئی کو پشاور کے دورے پر آ رہے ہیں۔ پشاور میں ان کے لیے عوامی استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ عوامی استقبال کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ دور جدید میں سوشل میڈیا کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ عرب اسپرنگ سوشل میڈیا کی طاقت سے ہی آئی تھی، ترکی میں فوجی بغاوت کے خلاف عوام کو سوشل میڈیا سے آگاہی ہوئی اور عوام سڑکوں پر آئی۔ سوشل میڈیا مو جودہ استحصالی نظام کو تبدیل کرنے میں اہم کرادار اداسکتا ہے، موجودہ دور کا سوشل میڈیا ایک بہت بڑا ہتھیار ہے یہ ہتھیار بندوق اور تلوار سے بھی زیادہ موثر ہے۔اس کے ذریعے لوگوں کے دلوں اور سوچ کو بدلا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے الخدمت ہاوس پشاور میں جماعت اسلامی اور برادر تنظیمات کے سوشل میڈیا منیجرز کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں صہیب الدین کاکا خیل، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد جبران سنان، سوشل میڈیا انچارج صداقت محمود غازی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سوشل میڈیا پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے دورے کے حوالے سے سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شرکا نے مختلف تجاویز پیش کیں اور 18مئی کے عوامی استقبالیہ کے لیے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

عبدالواسع نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پر پابندیاں افسوسناک ہیں، سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی خاموش سنسر شپ لگائی گئی ہے، حکومت عوام اور سیاسی جماعتوں کی آواز دبانا چاہتی ہے۔ حکومت کی پابندیاں اور خاموش سنسر شپ کسی صورت قبول نہیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سوشل میڈیا ورکرز عوامی استقبالیہ کی سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر کوریج کو یقینی بنائیں، ہم حکومتی سنسر شپ اور پابندیوں کے باوجود اپنی آواز عوام تک پہنچائیں گے۔ سوشل میڈیا ورکرز دن رات ایک کرکے اپنا پیغام اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے دورہ پشاور کو سوشل میڈیا پر اجاگر کرنے کے لیے کام کریں۔۔