کشمیری اپنی منفرد شناخت کے تحفظ کیلئے متحد ہیں،محبوبہ مفتی

جموں: مقبوضہ جموںوکشمیر کی سابق وزیراعلی و پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے 5 اگست 2019 کے فیصلوں کو واپس لینے کے کشمیریوں کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری اپنی منفرد شناخت کے تحفظ کیلئے متحد ہیں۔ محبوبہ مفتی نے راجوری کے علاقے بدھل میں ایک جلسے سے خطاب میں کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کشمیریوں کے لیے ناقابل قبول ہے خواہ وہ کسی بھی نسل، ذات یا مذہب سے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری شناخت ،ہماری خصوصی حیثیت چھین لی گئی، یہ ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل ہم سے چھینے جارہے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ لوگوں کو محض اختلاف رائے پر کالے قوانین کے تحت سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتا ہے ، علاقے میں قبرستان جیسی خاموشی قائم کی گئی ہے اور ہرگزرتے دن کے ساتھ لوگوں کی مایوسی بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری سرزمین ہے اور ہم ہر قیمت پر اپنی شناخت کی حفاظت کریں گے۔