وزیراعظم سے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات، پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی شراکت داروں کے تعاون اور ملکی اداروں کی انتھک محنت سے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پاکستان اور افغانستان میں تعاون ضروری ہے، انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ملک سے پولیو کے خاتمہ کیلئے ہمہ گیر آگاہی مہم چلائی جائے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کی گلوبل ڈویلپمنٹ ڈویژن اور پولیو اوورسائٹ بورڈ کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلائییس کی زیر قیادت عالمی انسداد پولیو اقدام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،جس نے ان سے ملاقات کی۔

وفد میں ریجنل ڈائریکٹر عالمی ادارہ صحت ایمرو ریجن ڈاکٹر حنان بلخی، جنوبی ایشیا کیلئے ریجنل ڈائریکٹر یونیسیف سنجے ویجیسیکرا، سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے پولیو برانچ چیف ڈاکٹر اوموٹایو بولو، پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر لو ڈاپینگ، پاکستان میں یونیسف کے نمائندے عبداللہ فاضل، عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر انسداد پولیو، ڈاکٹر حامد جعفری اور ڈپٹی ڈائریکٹر پولیو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن مائیکل گیلوے شامل تھے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا  اللہ تارڑ، وزیر مملکت شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت مختار ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے اور اس کے پاکستان سے مکمل خاتمے کے لئے ہم پر عزم ہیں۔ وزیراعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی کہ عالمی انسداد پولیو اقدام کے ساتھ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے ایک مشترکہ ہمہ گیر آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں شامل تمام اداروں کا احتساب اور اس عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ویکسی نیشن ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم کے دوران سعودی عرب کی جانب سے عالمی انسداد پولیو اقدام کے لیے 500 ملین ڈالر کے عطیہ کا اعلان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان شا اللہ بہت جلد عالمی شراکت داروں کے تعاون اور ملکی اداروں کی انتھک محنت سے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوں گے، خطے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پاکستان اور افغانستان میں تعاون ہونا ضروری ہے۔ وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاری اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفد نے انسداد پولیو کے لئے حکومت پاکستان کے عزم پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا ۔وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں پولیو کی امیونائیزیشن کے اقدامات میں درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لئے ضروری تکنیکی مہارت اور قومی اور حکومتی سطح پر اس مہم کو کامیاب کرنے کا عزم موجود ہے۔ ڈاکٹر کرسٹوفر نے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بل گیٹس آپ کے پنجاب کے دور وزارت اعلی میں انسداد پولیو کیلئے لئے گئے اقدامات سے بے حد متاثر ہیں۔ وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاری اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔