ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے فوزیہ صدیقی کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں

کراچی  (صباح نیوز)  قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی قید ناحق سے رہائی اور وطن واپسی کے لیے جاری جدوجہد کے سلسلے میں ان کی ہمشیرہ اور گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی مختلف شہروں کے دورے اور شخصیات سے ملاقاتیں کررہی ہیں۔

 انہوں نے مسلم طلباء محاذ پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ”فلسطین یوتھ کانفرنس” میں شرکت کی اور اس قبل انہوں نے پشاور میں خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تفصیلات سے خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی کو آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ کیس کے امریکی وکیل کلائیو اسٹافورڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ سال 2024 ء ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اس سال کے اختتام تک ممکن بنائی جا سکتی ہے مگر اس کے لیے انہیں حکومت پاکستان ، سول سوسائٹی اور پاکستان کے عوام کی مدد اور حمایت درکار ہے۔