سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے جموں وکشمیر کے بارے میں پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے محکوم کشمیریوں کے جذبات کا عکاس قرار دیا ہے۔ جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز رسالپور میں پاکستان ائیر فورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو ہرگز دبا نہیں سکتی۔انہوں نے مزید کہا ہمیشہ یاد رکھیں کہ سچائی میں طاقت ہے جبکہ جھوٹ کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا۔کشمیر میڈیاسروس سے جاری بیان کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ پاک فوج کے سربراہ کا بیان بھارت کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ وہ کشمیر پر جھوٹ بولنا بند کرے، کیونکہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے جس کی حتمی حیثیت کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 76برس سے اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں یہ حق دیے بغیر خطے میں پائیدار امن و سلامتی ہرگز ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ کا بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پورا پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترجما ن نے کہا کہ کشمیری بھارت کے ساتھ ہرگز نہیں رہنا چاہتے اور وہ اسکے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے قربانیوں کی ایک لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں ، بھارت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے جموں وکشمیر سے فوجی انخلا کرکے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق خطے میں استصواب رائے کے انعقاد کیلئے ماحول کو سازگار بنائے۔