کوئٹہ (صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ یکم مئی کو لیبر ڈے منانے والی اشرافیہ ہی مزدوروں کے استحصال کی ذمہ دار ہے، مزدوروں کے نام پر ارب پتی طبقہ بچوں کے ساتھ پکنک منانے میں مصروف ہے ۔
لیبرڈے کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا کہ آج بھی مزدور نان شبینہ کے لئے نحیف و نزار جسموں کے ساتھ پسینے میں شرابور ہیں، مزدوروں کے نام پر ارب پتی طبقہ بچوں کے ساتھ پکنک منانے میں مصروف ہے، اسلام ہی نے مزدور کو اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اجرت کی ادائیگی کا حکم دیا ہے۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق پر ڈاکہ زنی کے ذریعے عیاشی کا بندوست کیا جا رہا ہے، اگر واقعی حکومت مزدوروں کے ساتھ مخلص ہے تو آج ہی سے ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اپنے ذمے لے، پاکستان میں مزدوروں کے نام پر سب سے زیادہ استحصال مزدوروں کا ہو رہا ہے ۔