کوئٹہ (صباح نیوز)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ اور وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملکوں کی تعمیر میں مزدوروں کا تعمیری کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، گزشتہ چند سال سے شدید غربت اور مہنگائی کے باعث محنت کش طبقہ کئی مسائل سے دو چار ہے۔
ملک عبدالولی خان کاکڑ نے یومِ مزدور پر اپنے پیغام میں کہا کہ محنت کش صنعتی و اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں مزدوروں کے لئے آسانیاں پیدا کر رہی ہیں۔دوسری جانب وزیرِ اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملکوں کی تعمیر میں مزدوروں کا تعمیری کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی ہنرمند افرادی قوت ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی، موجودہ صوبائی حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ محنت کشوں کا استحصال کرنے والوں کو کٹہرے میں لایا جائے گا، صوبے میں تکنیکی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔