کروڑوں روپے لاگت کے  پراجیکٹ بارش کی پانی میں بہہ گئے۔ مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)  امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بدعنوانی ، غفلت کی وجہ سے کروڑوں کا سریاب پراجیکٹ بارش کی پانی میں بہہ گیا مہینوں وسالوں گزرنے کے باوجود سریاب روڈ،سبزل روڈ،قمبرانی روڈ،مغربی بائی پاس ،نواں کلی بائی پاس سمیت کوئٹہ شہر کی مین شاہراہیں عدم تکمیل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے شہری وعوام مختلف مسائل کا شکار ،ٹریفک جام ،کیچڑ میں پھنسنے ومٹی وگرداڑنے کی وجہ سے بیماریوں میں مبتلاہیں ۔

جماعت اسلامی مظلوم شہریوں کی توانا آوازبن کر سلگتے مسائل کو اجاگراورحل کی کوشش کر رہی ہے ۔ دیانت دارنمائندے اوربلدیاتی ادارے،لوکل گورنمنٹ فعال نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں شہری مسائل ومشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں۔منتخب نمائندے عوامی مسائل کو اجاگراورحل کیلئے ہر فورم پر بھر پور آوازاُٹھائیگی۔  انہوں نے کہاکہ کوئٹہ کے تمام علاقے ،یوسیزکی گلیاں سڑکیں تباہ ہوگئی ہے رہی سہی کسرحالیہ بارشوں وسیلاب نے پوری کر دی ہے ۔بدعنوانی ،بدعنوان اہلکاروں ،لٹیرے ٹھیکیداری سسٹم کی وجہ سے سڑکوں،گلیوں کا پکاکرنے کے بجائے ان کا منہ کالاکرکے بدعنوانی کے ذریعے بدعنوان ٹھیکیدارمالامال ہوجاتے ہیں ۔شہر کی تمام سڑکیں وگلیاں کیچڑزدہ وکھڈے بن گئے ہیں دن رات مٹی اڑتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے شہری ،طلباء اور عوام سانس ودیگر بیماریوںمیں مبتلا ہوگئی ہے بدعنوانی ،منتخب نمائندوں کی غفلت ،حکومتی نمائندوں کی خاموشی کی وجہ سے شہری گوناگوں مسائل کا شکار ہیں ۔ جماعت اسلامی نے کچھ عرصہ پہلے کوئٹہ کے مسائل کو اجاگراور حل کیلئے عوامی احتجاج کرکے پریس کلب کے سامنے ایک روزہ دھرنادیا ، شہری ،سماجی تنظیمیں اورمیڈیا شہریوں کے مسائل ،حکومتی غفلت کوتاہی کی وجہ سے احتجاج کرکے آوازبلند کررہے ہیں مگر بدقسمتی سے کوئی سننے والا نہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئی حکومت سابقہ حکومتوں ومنتخب نمائندوں کی غفلت وکوتاہی چھوڑ کر دیانت داری واخلاص اورنیک نیتی سے کوئٹہ کی مین شاہراہوں کو پختہ اور جس پرکام جاری کو اس کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچادیں