کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیر کاشف سعید شیخ نے ملک بھر میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران 92کروڑ65 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کے انکشاف پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس گھنائونے عمل کو عوام سے ظلم اور بجلی کمپنیوں کی لوٹ مار کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف سخت کاروائی کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ جعلی حکمرانوں کے پاس ہر مسئلے کا حل عالمی مالیاتی اداروں سے مزید قرض کی حصولی کے سوا کچھ بھی نہیں، نااہل اور نالائق حکمران ٹولے اور اشرافیہ نے پیٹرولیم مصنوعات،بجلی،گیس سمیت روز کی بنیاد پر نئی بھاری ٹیکس عائد کرکے عوام کا جینا دشوار کردیا ہے، نیپرا کی جانب سے ایک بار پھر ماہوار فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی قیمت میں 02 روپے94 پیسے اضافے کی منظوری اور اووربلنگ کی مد میں 92کروڑ69 لاکھ یونٹس کا انکشاف اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ موجودہ حکمران اتحاد عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے عوام کو مہنگائی، بے امنی اور بیروزگاری جیسے مسائل میں دھکیل کر ان کی زندگیوں کو مزید مشکل کا شکار کردیا ہے۔ کاشف سعید شیخ نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ ایف آئی اے کے مطابق گذشتہ ایک ماہ کے دوران سرکاری اداروں،گھروں اور صعنتی یونٹس سے اووربلنگ کی مدمیں34 ارب 29 کروڑ روپے کی وصولی کی گئی،
ایک تو بجلی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں عام آدمی گھر میں دو پنکھے اور ایک بلب جلانے کا بل بھی ماہانہ 20سے25ہزار روپے کی ادائیگی کرنے پر مجبور ہے تو دوسری جانب اداروں میں بیٹھے ہوئے کرپٹ اور لالچی اہلکاروں کی کرپشن کا نتیجہ عام آدمی بھگت رہا ہے، عوام اگر سرکاری اداروں کی لوٹ مار سے بچنے کیلئے توانائی کے دیگر ذرائع سولر سسٹم کی طرف رجوع کرتا ہے تو ان پر بھی بھاری ٹیکس لگانے کی تیاری کی جارہی ہے، 12کلوفی واٹ سولر بجلی پر 2000ہزار روپے فی یونٹ ٹیکس لگانے کی تجویز اس کا کھلا ثبوت ہے۔پوری دنیا میں عوامی حکومتیں لوگوں کی خدمت اور ہر قسم کی سہولیات فراہم کرتی ہیں مگر پاکستان میں ہر آنے والی حکومت نے عوامی مسائل میں مزید اضافے کے سوا کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ کاشف سعید شیخ نے پرزور مطالبہ کیا کہ اووربلنگ کے ذریعے لوٹ مار کرنے والے بجلی کمپنیوں کا عملہ کسی رعایت کا مستحق نہیں ہے ایسے لوگوں کیخلاف بلادیر سخت کاروائی اور اووربلنگ کے ذریعے سرکاری اداروں کو نقصان پہنچانے کے عمل میں ملوث کالی بھیڑوں سے لوٹی ہوئی دولت واپس کرکے قانون کے کٹھڑے میں لایا جائے تاکہ عوام ایسے کرپٹ اور بے حس اہلکاروں سے محفوظ رہ سکیں۔.