سری نگر: مقبوضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے مودی سرکار کی کشمیر بارے پالیسی کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد بی جے پی دور حکومت میں ہونے والی غلطیوں کے ازالے کی پوری کوشش کرے گا، فاروق عبداللہ نے سرینگر میں پارٹی پیڈکوارٹرز پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمانی انتخابات پر اثر انداز ہونے کیلئے لوگوں میں دوریاںپیدا کرنے کا مذموم سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ حز ب اختلاف کا اتحاد ”انڈیا” لوگوں میں دراڑ پیدا کرنے کی وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں کے خلاف لڑ رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد بی جے پی دور حکومت میں ہونے والی غلطیوں کے ازالے کی پوری کوشش کرے گا۔انہوںنے کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو مکمل طورپر خود مختار بنا نا ہوگا تاکہ عوام کو بھر پور انصاف مل سکے۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ بہت سی چیزوں کو درست کرنے کی ضرورت ہے ۔کئی اداروںمیں نااہل لوگوں کو رکھا گیا ہے، ہمیں ان اداروں کو بچانا ہے۔
علاوہ ازیں نائب صدر عمرعبداللہ نے بھارتی الیکشن کمیشن کو خبر دار کیا ہے کہ اسلام آباد راجوری کی پارلیمانی نشست پر الیکشن کا التواء کشمیرمیں انتخابی عمل کے لئے نقصان دہ ہوگا ،اس پارلیمانی نشست پر پارٹی امیدوار میاں الطاف احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نشست پر الیکشن کو موخر کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں بی جے پی کی ذیلی پارٹیاں انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کے ساتھ ملکر اس نشست پر انتخابات کو مغل روڈ کی خراب حالت کا بہانہ بناکر دوبارہ ری شیڈول کرنے کی سازش کررہی ہیں جس سے الیکشن عمل کو نقصان ہوگا اور ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے بھارتی الیکشن کمیشن کا جاری کردہ خط حیران کن ہے بی جے پی کا کوئی امیدوار نہیں ہے پولنگ باڑی کو دوسری جماعتوں کے خیالات پر بھی غور کرنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ ہم اپنے خدشات سے الیکشن کمیشن کو خط لکھیں گے ۔اس نشست پر پولنگ 7 مئی کو ہوگی ۔