اسرائیل اور اس کے حواری انسانیت کے دشمن ہیں، حافظ محمد ادریس

لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ اسرائیل اور اس کے حواری انسانیت کے دشمن ہیں، ظلم و سفاکیت کو روکنے کی بجائے اسے بڑھاوا دیا جارہا ہے ، صہیونیوں کی درندگی پوری دنیا کے سامنے عیاں ہے، بچوں، عورتوں اور سویلین افراد کو شہید کیا جارہا ہے ، ہسپتالوں، مساجد، گھروں پرحملے ہورہے ہیں ،سب خاموش ، انصاف کے دعویدار کہاں ہیں ، اسلام ظالم کا ہاتھ روکنے اور مظلوم کا ساتھ دینے کا حکم دیتا ہے، مسلمان حکمرانوں کی غیرت اور حمیت کہاں گم ہو گئی ؟ دعا ہے اللہ تعالیٰ ان حکمرانوں کو ہدایت اور ہمت دے کہ وہ ظالموں کا ہاتھ روکیں اور مظلوم کا ساتھ دیں۔

منصورہ کی جامع مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا غزہ میں خوراک اور ادویات کی شدید کمی ہے۔عالمی ادارے ، اسلامی ممالک کی حکومتیں ایک دوسرے کا منہ دیکھ رہی ہیں، ایسی بے حسی بڑے زوال کا پیش خیمہ ہے، غزہ کی جنگ نہ رکی تو یہ پوری دنیا کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ اسلامی ممالک اہل فلسطین کی مدد کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں ۔ حافظ محمد ادریس نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، جماعت سے وابستہ افراد کو ملک کے اہم ترین شعبوں، پارلیمان ، حکومت میں قوم کی خدمت کے مواقع ملے ، آج تک کسی کے کردار پر انگلی نہیں اٹھی ، جماعت کے افرادقومی خزانے پر بوجھ نہیں بنے ۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔