نئی آوازکی تلاش،جماعت اسلامی پنجاب نے مقابلہ موسیقی مسترد کر دیا

راولپنڈی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم اور صوبائی سیکرٹر ی جنرل اقبال خان نے صوبائی حکومت کی جانب سے نئی آوازکی تلاش،کے نام پر مقابلہ موسیقی کومستردکردیا،پنجاب کے ایک کروڑ11لاکھ بچے تعلیم سے محروم،ہسپتالوں میں مریض سہولیات نہ ہونے کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں،کسان پورے پنجاب میں گندم کے ریٹ اور اپنے حقوق کیلئے سراپااحتجاج ہیں لیکن حکومت پنجاب مسائل کے حل کی بجائے نوجوانوں کو خرافات اور بے ہودگی کی جانب دھکیل کرصوبائی خزانے سے کھلواڑ کررہی ہے، جماعت اسلامی ہندوستانی ایجنڈے کوپنجاب میں پروان چڑھانے کی قطعی طورپراجازت نہیں دے گی۔

مریم نوازحکومت کی جانب سے ضلعی،ڈویژنل او رصوبائی سطح پر مقابلہ موسیقی کے انعقاد اوربجٹ مختص کرنے پر جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماوں نے شدید غم وغصے کااظہارکرتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ غزہ میں معصوم بچوں پر آگ اور بارود کی بارش ہورہی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں مظالم ناقابل بیان ہیں،پاکستانی قوم سمیت پوری امت مسلمہ سوگ اور غم کی کیفیت میں ہے لیکن پنجاب کے حکمران عالمی شیطانوں کی ایجنڈ ے پر خوشی کے شادیانے بجارہی ہے،دوماہ کے شیڈول کوختم کرکے فی الفورموسیقی کے مقابلوں کاسلسلہ بند کیا جائے اگراس خرافا ت کوجاری رکھا گیا توجماعت اسلامی پنجاب،عوامی اسمبلی میں اس کے خلاف اقدامات کرے گی۔