لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے سموگ تدارک کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور ڈے پر بچوں کو باہر لے کر جائیں اور ان سے علاقے کی صفائی کروائیں۔لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدارک کے لئے درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر وکیل جوڈیشل کمیشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پولی تھین بیگ قابو سے باہر ہو چکے ہیں۔ جس پر عدالت نے کہا کہ سب لوگ پولی تھین بیگ کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔ شاپنگ بیگ پہلے گھر سے لے کر جاتے تھے، اب بھی لے کر جائیں۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ایک ضلعے کا ڈپٹی کمشنر اگر کچھ کرنا چاہے تو انقلاب آ جائے، مجھے تو سمجھ نہیں آتی کہ یہ ڈپٹی کمشنر کرتے کیا ہیں؟ پولی تھین بیگ سے متعلق ڈی سیز کو ہدایت جاری کر دیتا ہوں۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ لوگ آگاہی کی بنا پر محض 40 فیصد عمل کرتے ہیں، 60 فیصد لوگ قانون کی وجہ سے عمل کرتے ہیں۔ اگر قانون پر عملدرآمد نہ ہو تو وہ بھی ہمارے جیسے ہیں، باہر کے ممالک کی بیوروکریسی اور عدلیہ میں کرپشن نہیں ۔وکیل جوڈیشل کمیشن نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے واش رومز میں پانی ضائع ہو رہا ہے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ اگر آپ 2 سے 3 سوسائٹیز کو جرمانہ کر دیں تو سب ٹھیک ہو جائیں گے، اگر آپ ایک نوٹس جاری کر دیں کہ سوسائٹی کو چیک کیا جائے تو یہ بہت ہوگا۔ جسٹس شاہد کریم نے ہدایت کی کہ سکولوں کی بھی واک شروع کروائیں، ہفتے کو بچوں کو باہر لے کر جائیں، کمیونٹی سروس کا بتائیں۔ صفائی مہم میں حصہ لیں، انہیں معلوم ہوکہ گھر صرف وہی نہیں جہاں وہ رہتے ہیں۔ مزدور ڈے پر بچوں کو باہر لے کر جائیں اور ان سے علاقے کی صفائی کروائیں ۔زیادتی ہے کہ مزدور لیبر ڈے پر بھی کام کرتے ہیں اور ہم چھٹی مناتے ہیں۔