پشاور ہائیکورٹ کا رکن صوبائی اسمبلی پیر مصور شاہ کا پاسپورٹ بحال کرنے کا حکم

پشاور(صباح نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے رکن صوبائی اسمبلی پیر مصور شاہ کا پاسپورٹ بحال کرنے کا حکم دے دیا ۔ پشاور ہائی کورٹ میںرکن صوبائی اسمبلی پیر مصور شاہ کا پاسپورٹ بلاک کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،  وکیل عالم خان ادینزئی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار رکن صوبائی اسمبلی ہے اور ان کا پاسپورٹ بلاک کیا گیا ہے۔دوران سماعت لیگل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ایجنسی کے کہنے پر ان کے پاسپورٹ کو بلاک کیا گیا ۔

جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا کہ کوئی غیر قانونی طور پر پاسپورٹ بلاک کرنے کا کہے تو بھی آپ پاسپورٹ بلاک کریں گے؟۔ غیر قانونی طور پر کسی کا پاسپورٹ بلاک کیا یا نام سٹاپ لسٹ میں شامل کیا تو ایف آئی اے کے خلاف کارروائی کا حکم دیں گے۔ جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیئے کہ کسی کے بھی غیرقانونی احکامات کو نہ مانیں۔بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار رکن صوبائی اسمبلی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔