مختلف وفاقی وزارتوں، ڈویژنز میں اہم تعیناتیوں اور آسامیوں کی تخلیق میں وزیراعظم کا اختیار ختم


اسلام آباد(صباح نیوز) مختلف وفاقی وزارتوں، ڈویژنز میں اہم تعیناتیوں اور آسامیوں کی تخلیق میں وزیراعظم کا اختیار ختم کردیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں اہم تعیناتیوں اور آسامیوں کی تخلیق کا اختیار وزرا، مشیروں، وزرائے مملکت اور سیکریٹریز کے سپرد کردیا ۔

وزیراعظم شہبازشریف کی اجازت سے وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری پر سفارشات کی منظوری لی گئی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق مختلف وفاقی وزارتوں اورڈویژنز میں ماہرین اور پروفیشنلز تعینات کرنے کا پلان ہے اور اس حوالے سے وفاقی حکومت نے اہم فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں ماہرین اور پروفیشنلز کی آسامیاں تخلیق کرنے کے لیے وزیراعظم کا اختیار ختم ہوگیا، اب ماہرین اور پروفیشنلز کی آسامی وزارت خزانہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی مشاورت سے تخلیق کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزارتوں اور ڈویژنز میں کنسلٹنٹس کی تعیناتیاں متعلقہ وفاقی وزیر، وزیرمملکت یا مشیر جبکہ ریسرچ ایسوسی ایٹس اور نوجوان پروفیشنلز کی تعیناتی متعلقہ سیکریٹری کی منظوری سے ہوگی، تاہم ٹیکنیکل ایڈوائزرز کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم کی منظوری ضروری قرار دی گئی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ تعیناتیوں کاعمل مسابقتی عمل اور اسپیشل سلیکشن بورڈ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بطور وزیر اعظم عمران خان نے یہ اختیار اپنے پاس رکھا تھا۔