اراضی الاٹمنٹ ریفرنس ،حتساب عدالت کا مصطفی کمال کیخلاف نیب کو11 مئی کو دستاویزات پیش کرنے کا حکم


کراچی(صباح نیوز)کراچی کی احتساب عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفی کمال کے خلاف کلفٹن میں اراضی کی الاٹمنٹ ریفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب)کو آئندہ سماعت پر دستاویزات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

مصطفی کمال و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے  استفسار کیا کہ نیب نے ریفرنس کو ری سٹور کرنے کی درخواست دی ہے؟ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ہم نے درخواست دی ہوئی ہے۔سرکاری وکیل نے بتایاکہ وہ دکانیں پارک کی زمین کا حصہ تھیں، جہانگیر کوٹھاری پریڈ کے سامنے دکانیں تھی جو مصطفی کمال نے ہاکر کو دی تھیں۔جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ صرف زبانی دلائل نہ دیں ساتھ دستاویزات بھی پیش کریں، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دستاویز ابھی موجود نہیں ہیں، آج دفتر بھی بند ہے۔

عدالت نے دریافت کیا کہ جب نیب عدالت کام کررہی ہے تو بیورو کیوں بند ہے؟ نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ہمیں دستاویزات پیش کرنے کے لیے وقت دیا جائے۔بعد ازاں عدالت نے ریفرنس کے سماعت 11 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے نیب حکام کو آئندہ سماعت پر دستاویزات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔