وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول سے ملاقات

لاہور (صباح نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے گورنر ہاوس لاہور میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر صدر ابرہیم رئیسی اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، جبکہ وفد کے افراد کی روایتی دیسی کھانوں سے تواضع کی گئی۔وزیراعلی مریم نواز نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول جمیلہ علم الہدی کا لاہور آمد پر شکریہ ادا کیا اور وفد کو خوش آمدید کہا۔

وزیرِاعلی مریم نواز شریف نے اسلامی انقلاب کی 45 ویں سالگرہ پر ایرانی صدر کو مبارکباد بھی پیش کی۔مریم نواز نے اس موقع پر کہاکہ پاک ایران دوستی کی تاریخ عشروں پر محیط ہے۔ ایران کے ساتھ غربت کے خاتمے کے لیے اقتصادی منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ صنعتی و زرعی ترقی کے لیے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پنجاب کی ویلیو ایڈڈ لائیو اسٹاک مارکیٹ میں ایران کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ایف ایم ڈی زونز کے قیام اور حلال گوشت کی برآمد سے دونوں ممالک کثیر زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں۔مریم نواز نے کہاکہ پنجاب میں ماحول دوست گرین انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ ایران کے عوام کی خوشحالی اور امن و سکون کے لیے دعاگو ہوں۔اس موقع پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اول جمیلہ علم الہدی نے پرتپاک استقبال پر وزیراعلی مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔۔